ویب ڈیسک: واپڈا نے نیپرا میں پن بجلی کے اوسط بنیادی ٹیرف میں اضافہ کی درخواست جمع کروا دی ہے، جس کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے فی یونٹ ٹیرف میں 5 روپے 45 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔
واپڈا نے اپنی مالی ضروریات میں 90 فیصد اضافہ کا مطالبہ کرتے ہوئے ریونیو کی ضرورت کو 190 ارب روپے سے بڑھا کر 364 ارب 87 کروڑ روپے کرنے کی درخواست کی ہے۔درخواست میں بتایا گیا کہ پن بجلی کے اوسط بنیادی ٹیرف کو 6 روپے 11 پیسے سے بڑھا کر ساڑھے 11 روپے فی یونٹ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ نیپرا نے واپڈا کی اس درخواست پر 11 ستمبر کو سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واپڈا کے مطابق، ان کی مالی ضروریات کا تعین 2022-23 میں کیا گیا تھا، اس لیے ٹیرف میں اوسط اضافہ مانگا گیا ہے۔ دو ہزار بائیس تئیس میں واپڈا کی ریونیو کی ضروریات 190 ارب روپے مقرر کی گئی تھیں، جبکہ اب اگلے مالی سال کے لیے اضافے کی درخواست جمع کروائی گئی ہے۔یہ درخواست آئندہ مالی سال کے بجلی کے نرخوں اور صارفین پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے اہمیت رکھتی ہے، اور نیپرا کی سماعت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔