پیرا فورس بھی سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچ گئی

لاہور (خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پیرا فورس بھی سیلاب زدگان کی مدد کے لئے پہنچ گئی۔ پیرا ٹیموں نے مختلف فلڈ کیمپوں میں جاکر انتظامات کا جائزہ لیا۔ پیرا ٹیم نے سیلاب متاثرین سے مہیا کردہ سہولتوں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ پیرا فورس کے اہلکاروں نے سیلاب متاثرین کوکھاناکھلانے کی خدمات سرانجام دیں۔پیرا فورس نے سیلاب زدگان کو مہیا کر دہ کھانے اور مشروبات کا معیار چیک کیا۔ پیرا فورس کے اہلکار سیلابی ریلوں سے مویشیوں کو بچانے میں مشغول رہے۔ پیرا فورس کے افسر اور جوان خود دریا سے مویشیوں کو نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کرتے رہے۔ پیرا فورس کے اہلکار کی طرف سے بیمار بچے کو گود میں اٹھا کر باہر نکالنے پر متاثرہ خاندان نے اظہار تشکرکیا۔ پیرا فورس کی گاڑیاں بھی سیلاب متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے پر مامور ہیں۔ پیرا فورس کے اہلکار متاثرہ علاقوں میں سیلاب زدگان کا سازو سامان نکالنے میں معاونت کرتے رہے۔ افسر اور جوان کشتی پر سوار ہوکر سیلابی ریلوں میں گھرے لوگوں کو بچانے میں سرگرم عمل رہے۔ پیرا فورس نے سیلاب متاثرین کے بروقت انخلاء کو یقینی بنانے کے لئے لاؤڈ سپیکر پر اعلانات بھی کیے۔