صوبے بھر کے تمام سیلاب متاثرہ اضلاع میں پولیس ہائی الرٹ

 قیمتی انسانی جانیں بچانے والے افسران و اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں:آئی جی
لاہور(کرائم رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن بلاتعطل جاری ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے تحفظ اور بحالی کے لئے پنجاب پولیس دن رات خدمات انجام دے رہی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس اب تک سیلاب سے متاثرہ اضلاع سے 3 لاکھ 37 ہزار سے زائد متاثرین کا انخلا یقینی بنا چکی ہے۔ ان میں 1 لاکھ 31 ہزار883 مرد، 1 لاکھ 177 خواتین اور 1 لاکھ5 ہزار 766 بچے شامل ہیں۔ شہریوں کے کروڑوں روپے مالیت کے 4 لاکھ 88 ہزار سے زائد مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ ملتان کے متاثرہ علاقوں سے اب تک 5 ہزار سے زائدافراد اور 900 سے زائد مویشیوں کا انخلا یقینی بنایا گیا ہے اسی طرح خانیوال کے 29 ہزار 400 سے زائدافراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے جنوبی پنجاب سمیت صوبے بھر کے تمام متاثرہ اضلاع میں پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھرمل امیجنگ ڈرون کیمروں کے ذریعے سیلابی ریلوں میں پھنسے شہریوں اور مویشیوں کو ٹریس کرکے ریسکیو کیا جا رہا ہے۔ حالیہ غیرمعمولی سیلابی صورتحال میں پنجاب پولیس متاثرین کے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے لئے شاندار خدمات انجام دے رہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ قیمتی انسانی جانیں بچانے کے لئے غیر معمولی جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔آئی جی پنجاب نے انخلا والے علاقوں میں سکیورٹی، سرویلنس اور پٹرولنگ بڑھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپوں میں متاثرین کے تحفظ، رہائش، ادویات، خوراک اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 15 ہزار سے زائد افسران و اہلکار، 700 سے زائد وہیکلز اور 40 بوٹس ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔