خانیوال سے فیصل آباد سیکشن معطل

ٹرینوں کا رخ موڑ دیا گیا،راوی میں ہیڈ سدھنائی پر سیلابی ریلہ ریلوے پل سے ٹکرا گیا، پانی ٹریک کے اوپر سے گزرنے لگا
لاہور(کرائم رپورٹر)دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی (عبدالحکیم) کے مقام پر سیلابی ریلہ ریلوے پل سے ٹکرا گیا، پانی ٹریک کے اوپر سے گزرنے لگا۔ریلوے حکام نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خانیوال سے فیصل آباد سیکشن عارضی طور پر معطل کر دیا تاکہ کسی قسم کا جانی و مالی نقصان نہ ہو۔سیلابی صورتحال کے باعث لاہور سے کراچی، کوئٹہ اور راولپنڈی سمیت دیگر شہروں کو جانے والی ٹرینوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔راولپنڈی سے کراچی جانے والی 46 ڈاؤن پاکستان ایکسپریس لالہ موسی سے 8 بجکر 54 منٹ پر بروقت روانہ ہو کر براستہ لاہور-ساہیوال کراچی جائے گی کراچی جانے والی 18 ڈاؤن ملت ایکسپریس بھی لالہ موسی سے 10 بجکر 33 منٹ پر بروقت روانہ ہو کر براستہ لاہور-ساہیوال کراچی جائے گی۔ کراچی سے آنے والی پاکستان ایکسپریس 45 اَپ براستہ ساہیوال-لاہور لالہ موسی جائے گی اور 17 اَپ ملت ایکسپریس بھی براستہ ساہیوال-لاہور لالہ موسی جائے گی۔کراچی سے آنے والی 41 اَپ قراقرم ایکسپریس براستہ ساہیوال لاہور آئے گی۔