درختوں پر پناہ لینے والے دو نوجوانوں کو ریسکیو نے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا

 حجرہ شاہ مقیم ( آن لائن )دریائے روای میں ٹھٹھہ بھٹیاں کے قریب دو نوجوان بھینسوں کے پیچھے سیلابی پانی میں گئے اور اندھیرے کے باعث راستہ بھول گئے۔ جان کے خطرے کے پیش نظر دونوں نے قریبی درخت پر چڑھ کر پناہ لی اور مدد کے لیے آوازیں لگانا شروع کر دیں۔ نزدیکی آبادی کے مکینوں نے ان کی آوازیں سنیں تو فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔ ٹھٹھہ بھٹیاں پر تعینات ریسکیو ٹیم اندھیرے کی پروا کیے بغیر موقع پر پہنچی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں نوجوانوں کو درختوں سے بحفاظت اتار کر کشتی کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ مقامی افراد اور اہل خانہ نے بروقت امدادی کارروائی پر ریسکیو اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں ان کی جانیں بچا کر ریسکیو 1122 نے حقیقی عوامی خدمت کی مثال قائم کی ہے