لاہور(کرائم رپورٹر) ریسکیو 1122 نے دریائے راوی کے ملحقہ نشیبی علاقوں میں سیلابی پانی سے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ ترجمان ریسکیو کے مطابق خردپور گاؤں مانگا منڈی سے 220 افراد کو سیلابی پانی سے ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ ریسکیو کیے گئے افراد میں مرد، خواتین، بچے اور گھریلو سامان شامل ہے۔ اہلکاروں نے بتایا کہ سیلابی پانی مسلسل بڑھ رہا ہے، تاہم ریسکیو ٹیمیں دن رات فلڈ آپریشن میں مصروف ہیں۔ متاثرہ افراد کو کھانے پینے کی اشیاء اور طبی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہنگامی صورتحال میں شہری فوری طور پر ریسکیو 1122 ہیلپ لائن پر کال کریں اور اپنی درست لوکیشن لازمی شیئر کریں تاکہ بروقت امدادی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں میں جانے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی قسم کے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔