بھارت نے دریائوں میں پانی چھوڑدیا‘درجنوں دیہات زیرآب صوبے اور این ڈی ایم اے مل کر حفاظتی اقدامات کریں:شہبازشریف
بھارت نے ا طلاع کیلئے انڈس واٹر کمشنر کا چینل استعمال نہیں کیا ‘سیلابی ریلے ہر طرف تباہی کی داستانیں رقم کرنے لگے، پیرمحل میں ہیڈ سدھنائی کو بچانے کیلئے مائی صفوراں بند کو 2 مقامات سے بارودی مواد سے اڑا دیا گیا
دریائے چناب کا خوفناک سیلابی ریلا ملتان ڈویژن کی حدود میں داخل،تباہی کی نئی لہر نے درجنوں بستیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،، ریلیف کیمپس میں متاثرین کے بچوں کیلئے عارضی سکول اور فیلڈ کلینکس قائم کردیئے گئے
لاہور‘بیجنگ(آئی این پی)بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی بدستور جاری رکھتے ہوئے دریائوں میں مزید پانی چھوڑ دیا تاہم اطلاع کیلئے انڈس واٹر کمشنر کا چینل استعمال نہیں کیا گیا، وزارت آبی وسائل نے اطلاع ملتے ہی ہنگامی الرٹ جاری کر تے ہوئے 28 اداروں کو ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ،پنجاب کے دریائو ں میں طغیانی برقرار ہے اور سیلابی ریلے ہر طرف تباہی کی داستانیں رقم کر رہے ہیں، دریائے چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے پیش نظر پیر محل میں ہیڈ سدھنائی کو بچانے کیلئے مائی صفوراں بند کو 2 مقامات سے بارودی مواد سے اڑا دیا گیا ، ہزاروں ایکڑ زرعی زمین زیرِ آب آنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں ہنگامی بنیادوں پر متحرک ہو گئی ہیں تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان کو کم سے کم رکھا جا سکے۔تفصیل کے مطابق بھارت نے انڈس واٹرکمیشن کے بجائے سفارتی ذرائع سے رابطہ کرکے پانی چھوڑنے سے متعلق پاکستانی حکام کو آگاہ کیا۔ گزشتہ روز بھی بھارت نے دریائے ستلج اور توی میں پانی چھوڑا تھا۔وزارت آبی وسائل نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی الرٹ جاری کردیا ۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد چناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف کی چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( این ڈی ایم اے ) کو ٹیلیفونک کال، سیلابی صورتحال اور امدادی کارروائیوں پر بریفنگ لی۔رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ سے چیئرمین این ڈی ایم اے کو کال کی اور ان سے ملک میں سیلابی صورتحال اور جاری امدادی کارروائیوں پر بریفنگ لی۔چئیرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو دریائے روای، چناب اور ستلج میں بڑھتی ہوئی طغیانی سے آگاہ کیا، جس پر وزیراعظم نے ریسکیو و امدادی کارروائیوں کی تیاری قبل از وقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں سے مکمل تعاون کر کے حفاظتی اقدامات اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو عوام کو راوی، چناب اور ستلج میں بڑھتی ہوئی طغیانی کے حوالے سے پیشگی آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی‘شہباز شریف نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں آنژن ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے موثر نظام ، جدید ٹیکنالوجی اور بہترین خدمات کی فراہمی پر انتظامیہ کو سراہا۔ وزیراعظم نے بیجنگ میں آنژن ہسپتال کے دورے کے دوران ہسپتال میں دستیاب سہولتوں کا معائنہ کیا اور اسلام آباد کے ہسپتالوں میں بھی چین جیسی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی‘ شہباز شریف نے ملک میں چین کی طرز پر جدید ٹیکنالوجی کے حامل اسپتال اور طبی سہولیات متعارف کرانے کی ہدایت کردی