وزیراعلی کا دورہ ملتان‘سیلاب متاثرہ بچوں کو جوتے پہنائے‘خواتین کوملبوسات‘تحائف دیئے

 فلڈ کیمپ میں ننھے بچوں کے درمیان بیٹھ گئیں ‘ گپ شپ کی ‘ مختلف سوال پوچھے‘  حروف تہجی کے بارے میں دریافت کیا ‘ متاثرہ خاندانوں سے مسائل  کے بارے میں پوچھا
 خواتین کو گھروں کی بحالی کیلئے اقدامات کا یقین دلایا‘ دورہ ملتان کے دوران دکانیں بند کرانے کا  نوٹس‘میرے دورے میں کسی کو تکلیف ہو، مجھے گوارا نہیں :مریم نواز

ملتان(آئی ا ین پی)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے قاسم بیلہ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا جہاں وہ سیلاب متاثرہ بچوں اور خواتین میں گھل مل گئیں۔وزیراعلی مریم نواز نے بچوں میں چاکلیٹ، بسکٹ اور وردی پیک تقسیم کیے جبکہ بچوں کو خود اپنے ہاتھوں سے جوتے پہنائیں، خواتین کو ملبوسات اوردیگر تحائف پیش کیے۔وزیراعلی فلڈ کیمپ میں ننھے بچوں کے درمیان بیٹھ گئیں جبکہ بچوں سے گپ شپ کی اور مختلف سوال پوچھے۔انہوں نے بچوں سے حروف تہجی کے بارے میں دریافت کیا جبکہ متاثرہ خاندانوں سے مسائل اور ضروریات کے بارے میں دریافت کیا۔ مریم نواز نے خواتین کو گھروں کی بحالی کے لیے اقدامات کا یقین دلایا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے ٹینٹوں میں صفائی اور دیگر انتظامات پر اظہار اطمینان کیا۔ انہوں نے قاسم بیلہ فلڈ ریلیف کیمپ میں ہیلتھ، ریسکیو اور دیگر کانٹرز کا جائزہ لیا۔کمشنر ملتان عامر کریم اور ڈپٹی کمشنر وسیم سندھو نے وزیراعلی مریم نواز شریف کو انتظامات کے بارے میں بتایا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے بچوں کے لیے کھانا، دودھ اور دیگر ضروریات پوری کرنے کی ہدایت کی۔قبل ازیں، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کو ہیڈ محمد والا پر بریفننگ بھی دی گئی۔دریں اثناء  مریم نواز نے اپنے دورہ ملتان کے موقع پر دکانیں بند کروانے کی خبروں کا نوٹس لے لیا۔رپورٹ  کے مطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے دورہ ملتان کے موقع پر پولیس کی جانب سے دکانیں بند کروائی گئیں تھیں۔وزیراعلی مریم نواز نے دکانیں بند کروانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ میرے دورے میں کسی کو تکلیف ہو، مجھے گوارا نہیں ہے۔