اسلام آباد(آئی این پی )عالمی بینک پاکستان کو رواں مالی سال مختلف منصوبوں کے لئے 2 ارب ڈالر سے زائد کا قرض فراہم کرے گا۔اقتصادی امور ڈویژن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق عالمی بینک کی جانب سے قرض انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن اور انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن کے ذریعے دیا جائے گا۔سرکاری دستاویز کے مطابق پاکستان میں عالمی بینک کی فنڈنگ کے ذریعے 57 مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، ان منصوبوں کی مجموعی لاگت 16.6 ارب ڈالر ہے، منصوبوں کا تعلق زراعت، پانی، توانائی، فنانس، ریونیو سے ہے۔اقتصادی امور ڈویژن کا کہنا ہے عالمی بینک کی جانب سے جن منصوبوں کے لیے قرض فراہم کیا جائے گا ان میں مواصلات، دیہی و شہری ترقی، ہیومین کیپیٹل، سوشل سروس اور گورننس کے منصوبے بھی شامل ہیں۔دستاویز کے مطابق عالمی بینک گزشتہ 7 سال میں 11 ارب 84 کروڑ ڈالر فراہم کر چکا ہے، سب سے زیادہ 1.96 ارب ڈالر توانائی شعبے کے لیے دیئے گئے، آنے والے برسوں میں مختلف منصوبوں کے لیے مزید فنڈز دیئے جائیں گے۔