سیلاب متاثرہ 82 ہزار سے زائد افراد کی تفصیلات جمع

54ہزار ایکڑ اراضی کی نشاندہی،56ہزار کسانوں سینقصانات کی جانچ پڑتال مکمل
پی ڈی ایم اے کا اجلاس، 27اضلاع کے کمشنرز ، ڈی سیز کاسروے کی رفتار پر اطمینان
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب بھر میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کیلئے سروے جاری ہے۔ 82ہزار سیلاب متاثرین کے بارے میں تمام تفصیلات اکٹھی کرلی گئی ہیں۔ 27 متاثرہ اضلاع میں 1857ٹیمیں مختلف نقصانات کی تفصیلات جمع کررہی ہیں۔صوبے میں سیلاب سے ہونیوالے نقصانات کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کیلئے 18 سو سے زائد ٹیمیں مصروف عمل ہیں۔سروے مکمل کرنے کی تاریخ 26 اکتوبر مقرر ہے جبکہ 82 ہزار سیلاب متاثرین کا ڈیٹا اکٹھا کرلیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سروے ٹیمیں 53 ہزا ر985 ایکڑ متاثرہ اراضی کی نشاندہی کر چکی ہیں۔ سروے ٹیمیں مختلف اضلاع میں 56 ہزار 207 کسانوں سے فصلوں کے نقصانات کے بارے جانچ پڑتا ل مکمل کرچکی ہیں۔ دوسری طرف سروے کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لینیکیلئے پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں اجلاس ہوا جس کی صدارت ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کی۔اجلاس میں اربن یونٹ، نادرا ،بینک آف پنجاب اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ 27 اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں جاری سروے کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کاکہنا تھا کہ سروے اور مالی معاونت کا عمل بروقت مکمل کر لیا جائے گا۔