پاکستان تارکین وطن کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے:گیلانی

قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی سے لارڈ شفق محمد اور وفد کی ملاقات‘اہم امور پر تبادلہ خیال
یوسف رضا گیلانی کا ملائیشیا کی پارلیمانی قیادت سے ٹیلی فونک رابطہ‘ تعلقات مزید مستحکم کرنے پر اتفاق
اسلام آباد (آن لائن) قائم مقام صدرِ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سے لارڈ شفق محمد، بیرسٹر تنویر حسین اور چودھری  محبوب حسین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل، آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔لارڈ شفق محمد نے قائم مقام صدر کو آگاہ کیا کہ انہوں نے بھارت کی جانب سے معاہدہ سندھ طاس کی معطلی کے مسئلے کو ہاؤس آف لارڈز میں مؤثر انداز میں اٹھایا ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے قومی مفاد کے اہم امور اجاگر کرنے اور بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کی حمایت پر وفد کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا  پاکستان تارکین وطن کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔دریں اثناء  یوسف رضا گیلانی نے ملائیشیا کی پارلیمنٹ کی قیادت سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے ملائیشین اسپیکر اور صدرِ سینیٹ کو  بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، جو 10 سے 12 نومبر اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔قائمقام صدر نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری علاقائی امن و تعاون کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوستی اور پارلیمانی تعلقات کو سراہتے ہوئے ان رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ملائیشین رہنماؤں نے دعوت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون مزید مستحکم ہوگا۔