بارہ نشستوں کے ووٹرز کا تعلق کشمیر سے ہے،مہمانانِ وطن کا کشمیر سے رشتہ فوراً ختم نہیں کیا جا سکتا، کسی تحریک سے یک لخت تبدیلی مناسب نہیں، آئینی ترامیم اور سیاسی ہم آہنگی ضروری ہے :اعظم نذیر تارڑ
اسلام آباد (آن لائن) وزیرِ قانون اعظم ندیر تارڑ نے کہا ہے جب سیاست کی بات ہو تو آئینی اور قانونی نکات پر انتہائی احتیاط کے ساتھ گفتگو ہونی چاہیے اور مسائل کے حل کے لیے غور و خوض کے بعد ہی راستہ اپنانا چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کسی حساس معاملے خصوصاً بارہ نشستوں کے معاملے پر فوری فیصلے اور جذباتی رویّے مسئلے کا حل نہیں۔وزیرِ قانون نے کہا کہ بارہ نشستوں کے ووٹرز کا تعلق کشمیر سے ہے اور وہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے بھارتی غلامی سے آزادی کے بعد پاکستان اور کشمیر کی خاطر ان علاقوں میں آباد ہو کر اپنا کردار ادا کیا۔ ان جذباتی اور تاریخی رشتوں کو یکسر ختم نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی کسی تحریک کے نتیجے میں فوراً ختم کر دینا مناسب ہوگا۔وزیرِ قانون نے واضح کیا کہ اگر اس معاملے میں تبدیلی لانی ہے تو اس کے لیے "بڑی آئینی ترامیم" ضروری ہوں گی اور اس کے ساتھ سیاسی ہم آہنگی اور قومی مشاورت لازم ہے۔ انہوں نے عوامی مفاد، قانونی تقاضوں اور آئینی حدود کو مدِنظر رکھتے ہوئے مل کر حل تلاش کرنے پر زور دیا۔