پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) رہنما شازیہ مری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات میں 27 ویں ترمیم کی حمایت مانگی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے باقاعدہ پیپلز پارٹی سے 27 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے رابطہ کیا ہے اور پیپلز پارٹی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) میں اس ترمیم پر فیصلے کیے جائیں گے۔شازیہ مری نے واضح کیا کہ صوبوں کے اختیارات کے حوالے سے پیپلز پارٹی نے اتفاق رائے پیدا کیا ہے اور 18 ویں ترمیم میں صوبوں کے حقوق سے پیچھے ہٹنا نہ مناسب ہے اور نہ ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے اصولی موقف پر قائم رہے گی اور اگر حکومت کسی چیز پر متفق ہوتی ہے اور ہمیں بھی شامل کرنا چاہتی ہے تو اس پر بات چیت ہوسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کے ساتھ بیٹھ کر عوامی مسائل پر بات کریں گے اور 27 ویں ترمیم کو عوامی سطح پر بھی دیکھا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ 18 ویں ترمیم صوبوں کے دل کے قریب ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ سیلاب میں متاثرہ لوگوں کی بحالی اور دیگر مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، اور پیپلز پارٹی کا سادہ سا مطالبہ ہے کہ ہم نے کبھی الفاظ کی جنگ نہیں چھیڑی بلکہ دہشتگردی، معاشی حالات اور بے روزگاری جیسے مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔