مریم نواز کامیابی کیخلاف دائر درخواست مسترد

 درخواست گزار کی الیکشن پٹیشن میں ہر صفحے پر دستخط موجود نہیں،مریم نواز کے وکیل کے دلائل میں وزن ہے:جج رانا زاہد 
لاہور (خصوصی رپورٹ )لاہور کے الیکشن ٹربیونل نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی انتخابی کامیابی کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی۔پی ٹی آئی کے مہر شرافت علی نے لاہور کے حلقے پی پی 159 سے مریم نواز کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے درخواست دائر کی تھی، وزیر اعلیٰ کی جانب سے بیرسٹر اسد اللہ نے دلائل دیئے جبکہ الیکشن ٹربیونل کے جج رانا زاہد محمود نے جاری کردہ اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ درخواست گزار نے الیکشن ایکٹ 2017 کے رول 144 کو پورا نہیں کیا، درخواست گزار کے الیکشن پٹیشن میں ہر صفحے پر دستخط موجود نہیں،درخواست گزار کا بیان حلفی میں اوتھ کمشنر کی تصدیق والے صفحے پر نام اور والد کا نام نہیں موجود ، مریم نواز سمیت دیگر فریقین کے وکیل بیرسٹر اسد اللہ کے دلائل میں وزن ہے، اس لئے درخواست کو باقاعدہ ٹرائل کیلئے پیش نہیں کیا جاسکتا ۔ درخواست گزار کے وکیل نے دس سے بارہ منٹ میں دلائل مکمل کئے اور ٹربیونل کو مطمئن کرنے کی کوشش کی، فیصلے میں کہا گیا ٹربیونل مریم نواز کی انتخابی کامیابی کے خلاف دائر درخواست خارج کرتی ہے۔