فائنل رائونڈ کی تیاری

 بانی پی ٹی آئی سے جیل میں سوا گھنٹہ طویل ملاقات ،ملک بند کرنے کیلئے9نومبر کو صوابی میں لائحہ عمل دینگے:علی امین گنڈاپور 
راولپنڈی(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ8نومبر کو پشاور میں جلسہ ختم کردیاہے اب 9نومبر کو صوابی میں اجتماع کرینگے ،جہاں ملک کو بند کرنے کیلئے لائحہ عمل دیاجائے گا ، یہ ہماری آخری کال ہوگی، لوگ اپنے گھروں میں بتا کر آجائیں،پی ٹی آئی ذرائع کا کہناہے کہ صوابی میں جلسے کی بجائے 3دن دھرنا دیاجائے گا۔تفصیلا ت کے مطابق علی امین گنڈاپورنے بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں سوا گھنٹے طویل ملاقات کی اور جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی سے بڑے عرصے بعد ملاقات ہوئی ،ان کے ساتھ جیل روا رکھا جارہا سلوک قابل مذمت ہے،میں خبر دار کررہا ہوں یہ رویہ قابل برداشت نہیں۔ہم نے ایک پلان بنایا ہے اس پر کام شروع ہے،فائنل کال کیلئے تیار ہیں حکومت سے جان چھڑانی پڑے گا،نو تاریخ کو صوابی کے مقام پر ایک بڑا اجتماع کرینگے،پورے ملک سے لوگوں کو جمع کریں گے اورنو نومبر کو فائنل کال دینگے۔ حکومت سمیت سب کو وارننگ دے رہے ہیں اب حالات ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہر بندہ تجزیہ نگار بنا ہوا ہے کہ ڈیل ہوگئی،میرا پارٹی کے ورکرز کو پیغام ہے ڈیل نہیں ہورہی یہ لوگ آپ کو کنفیوز کریں گے۔ میں ایک صوبے کا وزیر اعلیٰ ہوں میں اتھارٹی سے اسلام آباد آیا ہوں مشینری بھی لایا ہوں۔ان کا کہناتھاکہ ہم گورنر راج سے نہیں ڈرتے،میریمذاکرات ہوتے رہے ہیں،جب سے بانی نے کہا مذاکرات نہیں ہونگے تب سے نہیں ہورہے۔میری آفیشل میٹنگز میں بات ہوتی رہتی ہے،ہم نے پانی پت پر17 حملے کئے تھے یہاں تو ابھی صرف دو کئے ہیں۔ ہم پرامن تھے اور رہیں گے لیکن پر امن رہ کر ہماری پارٹی کے ساتھ اور ہمارے لیڈر کے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ ناقابل برداشت ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے صوابی میں ٹینٹ ویلیج آباد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما ارباب عاصم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پشاور میں 8 نومبر کو شیڈول جلسہ منسوخ کرنے کی تصدیق کرتاہوں ، اب صوابی میں ٹینٹ ویلیج لگایا جائے گا جس میں ملک بھر سے ورکرز شریک ہوں گے۔