امید کرتا ہوں پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ رضا اللہ کا بھرپور خیال رکھیں گے، سابق کپتان
کراچی(سپورٹس ڈیسک) قومی ٹیم کے نوجوان کھلاڑی رضا اللہ کے شاندار آل رانڈ ڈیبیو پر سابق کپتان شاہد آفریدی نے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ رضا اللہ نے اپنے ڈیبیو میں شاندار آل رانڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کے لیے نمایاں فرق پیدا کیا۔انہوں نے کہا کہ رضا اللہ نے اپنی قوت ارادی اور بڑے دل سے سب کو دکھا دیا کہ عزم و حوصلے سے کیا کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔شاہد آفریدی نے نوجوان کھلاڑی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ رضا اللہ کا بھرپور خیال رکھیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا، تاہم نوجوان کھلاڑی رضا اللہ نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں شاندار آل رانڈ کارکردگی سے سب کی توجہ حاصل کرلی۔ رضا اللہ نے 9 چھکوں کی مدد سے 81 رنز کی اننگز کھیلی تھی جس کے سبب پاکستان، انگلینڈ کو 130 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ رضا اللہ جب وکٹ پر آئے تب قومی ٹیم کو انگلش ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے 4 رنز درکار تھے اور محض دو وکٹیں باقی تھیں۔