پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ٹو بننے سے پی آئی سی پرمریضوں کا دبا ؤکم ہوگا:مریم نواز

ہر ضلع میں کارڈیالوجی کی مکمل سہولتوں کی فراہمی کے پلان پر عمل درآمد شروع ہو چکا ،کارڈ سسٹم سے سیکڑوں بچوں کے آپریشن آسانی سے ہوچکے ہیں 
وزیر اعلیٰ پنجاب کاکینال کے قریب زیر تکمیل پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ٹو کا دورہ ، تعمیرات کا جائزہ، جلد فعال کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایت
 لاہور (آئی این پی )وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ٹو کو جلد فعال کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کینال کے قریب زیر تکمیل پی ٹی آئی سی ٹو کا دورہ کیا اور تعمیرات کا جائزہ لیا، انہوں نے تعمیراتی مٹیریل اور دیگر امور کا بھی معائنہ کیا ۔ہسپتال کے مختلف فلورز پر ڈرائی پارٹیشن وال اور ایچ ویک کی تنصیب کا کام جاری ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے پی آئی سی ٹو کو جلد فعال کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کردی۔پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او شاہ میر اقبال نے وزیراعلیٰ کو منصوبے بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ٹو پراجیکٹ 250 بیڈز پر مشتمل ہوگا، پی آئی سی ٹو میں جدید ترین ہائبرڈ آپریشن تھیٹرز بھی بنائے جائیں گے، ہسپتال میں ایمرجنسی، سرجیکل اور میڈیکل آئی سی یوبھی بنیں گے۔مریم نواز نے شاہ میر اقبال کو شاباش دی اور ہسپتال کے ڈیزائن کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی، وزیراعلی پنجاب نے پی آئی سی ٹو پراجیکٹ کے لئے درکار مشردوی کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی آئی سی ٹو بننے سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر مریضوں کا دبا ؤکم ہوگا، ہر ضلع میں کارڈیالوجی کی مکمل سہولتوں کی فراہمی کے پلان پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے، چلڈرن ہارٹ سرجری کے لئے کارڈ سسٹم متعارف کرانے سے سینکڑوں بچوں کے آپریشن آسانی سے ہوچکے ہیں ۔