دہشتگردی کے ایشو پر وفاق اور صوبائی حکومت کو ایک ایجنڈے پر آنا ہو گا ،فیصل کریم کنڈی کا تقریب سے خطاب
پشاور (آن لائن) گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے ، اس معاملے پر وزیر اعظم کو خط لکھ دیا ہے ۔وفاق اور صوبائی حکومت کو مل کر اس مسئلے کا حل نکالنا ہو گا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوے انہوں نے کہا کے پی کے میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے اور صوبائی حکومت خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایشو اتنا سنگین ہے کہ وفاق کو بھی اسے فوری سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے ، وفاقی کابینہ اور پارلیمنٹ میں اس ایشو کو زیر بحث لانا چاہیے، اس سلسلے میں وزیر اعظم کو خط لکھ دیا ہے،سیاسی اختلافات ایک طرف بحث و مباحثہ وقت کا تقاضا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیات آباد میں آگ لگی تو صوبائی حکومت کی طرف سے کچھ نہیں کیا گیا ، جنوبی اضلاع میں شہادتیں ہو رہی ہیں لیکن ہمارے وزیراعلیٰ کو کوئی پراو ہ نہیں، صوبے میں کھیلوں کے میدان ہیں اور حکومت کچھ نہیں کررہی،دہشتگردی کے خوف کے باعث باہرسے بھی کھلاڑی یہاں آنا پسند نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کے علاوہ صحت ، تعلیم اور مہنگائی کے مسائل بھی ہیںتاہم حکومت کی تمام تر توجہ دوسرے صوبوں پر تنقید پر ہونے کے باعث عوام کی بہتری کے لیے کچھ نہیں ہو رہا ۔