ڈیل کی افواہوں اور ٹرمپ کا نام لے کر پی ٹی آئی والے اپنی شکست تسلیم کررہے ہیں
ان کے کرتوتوں اور9مئی والوں سے کوئی ڈیل نہیں ہوگی:رہنما ن لیگ کی میڈیا سے گفتگو
فیصل آباد(آئی این پی)مسلم لیگ( ن)کے رہنماسینیٹر طلال چودھری نے کہا ہے 26 ویں ترمیم کی ہے، 126 ویں ترمیم بھی کرنی پڑی تو کریں گے، الیکشن پی ٹی آئی کی مرضی سے نہیں ، آئین کے مطابق ہونگے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تبدیلی کے نام پرمنتخب ہوئی تھی، خیبر پختونخوا حکومت عوام کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہی ، کے پی میں کوئی سولر اور ٹریکٹر سکیم نہیں ہے، خیبرپختونخوا کے لوگ بدامنی اور مسائل کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا پی ٹی آئی والے کہتے ہیں ٹرمپ آئے گاوہ ہمیں چھڑائے گا، کبھی دھرنا،کبھی دھمکی،کبھی جلسہ بس یہ آتا ہے ان کو ، آپ لوگوں کو کہتے کچھ ہیں اور کرتے کچھ ہیں۔پی ٹی آئی والے کبھی کہتے ہیں کہ ڈیل ہو گئی، ڈیل کی افواہیں، اور ٹرمپ کا نام لے کر یہ لوگ اپنی شکست تسلیم کررہے ہیں اورفیس سیونگ چاہتے ہیں۔