حزب اللّٰہ کے سربراہ شیخ نعیم قاسم کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے سبب لبنان میں کسی بھی قسم کی جنگ بندی ممکن نہیں، لبنان اب بھی مسلسل اسرائیلی حملوں کا نشانہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیل نے جنگ بندی کے کسی ایک معاہدے پر بھی عمل درآمد نہیں کیا۔ نعیم قاسم نے مزید کہا کہ حزب اللّٰہ اسرائیل کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کے حق میں ہے، تاہم براہِ راست مذاکرات اسرائیلی وزیرِ اعظم کے لیے بلاجواز رعایت سمجھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لبنان میں اسرائیل کے اثر و رسوخ کو روکنے کے لیے مزاحمت جاری رکھی جائے گی۔
دوسری جانب، جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے جاری ہیں۔ لبنانی سرکاری میڈیا کے مطابق، قصبہ شحور میں ایک حملے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ ضلع طائر کے علاقوں دبل اور قانا، بنتِ جبیل کے زوطرالشرقیہ اور براشیت طائر پر بھی حملے کیے گئے۔ مسلسل حملوں کے سبب جنوبی لبنان میں صورتِ حال کشیدہ ہے اور شہری آبادی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔