اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ بندی، لبنان شامل نہیں: نیتن یاہو آفس کی تصدیق

اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ بندی، لبنان شامل نہیں: نیتن یاہو آفس کی تصدیق

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے ساتھ مجوزہ دو ہفتوں کی جنگ بندی میں لبنان شامل نہیں ہوگا۔

اسرائیل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران کے خلاف حملے دو ہفتوں کے لیے معطل کرنے پر آمادگی ظاہر کی گئی ہے، تاہم یہ اقدام چند شرائط سے مشروط ہے، جن میں ایران کی جانب سے فوری طور پر آبنائے ہرمز کھولنا اور امریکا، اسرائیل اور خطے کے دیگر ممالک پر کسی بھی حملے سے گریز کرنا شامل ہے۔اسرائیلی حکام نے واضح کیا کہ یہ جنگ بندی صرف ایران تک محدود ہے اور لبنان کے محاذ پر کشیدگی برقرار رہ سکتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل امریکا کی ان کوششوں کی حمایت کرتا ہے جن کا مقصد ایران کو جوہری، میزائل اور دہشت گردی کے خطرات سے روکنا ہے، اور اسرائیلی موقف کے مطابق ایران خطے میں سیکیورٹی کے لیے خطرہ تصور کیا جاتا ہے۔دوسری جانب ایران کی طرف سے اس بیان پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ لبنان کو جنگ بندی سے خارج رکھنے سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔