مراکش کے جنوب مغربی علاقے میں ہونے والی فوجی مشق کے دوران امریکی فوج کے دو اہلکار لاپتہ ہو گئے ہیں۔
یہ واقعہ شہر تان تان کے قریب واقع کیپ دراع کے تربیتی علاقے میں پیش آیا ہے۔ امریکی افریقی کمان نے بتایا ہے کہ یہ لاپتہ ہونے کا واقعہ ہفتہ کے روز پیش آیا، اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔امریکی فوج کے بیان کے مطابق، دونوں اہلکار مشق کے دوران لاپتہ ہوئے ہیں، اور فوری طور پر ان کی تلاش کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں امریکا، مراکش، اور دیگر شریک ممالک نے مشترکہ طور پر زمینی، فضائی اور بحری وسائل کا استعمال کرتے ہوئے تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ فوجی مشق ’افریکن لائن‘ کے نام سے جانی جاتی ہے، جو کہ افریقا میں امریکا کی سب سے بڑی سالانہ فوجی مشق ہے۔ اس مشق میں مراکش، گھانا، سینیگال، تیونس سمیت کئی دیگر ممالک بھی حصہ لیتے ہیں، اور اس کا مقصد علاقائی فوجی تعاون اور تربیت کو مضبوط بنانا ہے۔