بھارت نے پاکستانی سرحد کے قریب گجرات میں فضائی مشقوں کا اعلان کر دیا

بھارت نے پاکستانی سرحد کے قریب گجرات میں فضائی مشقوں کا اعلان کر دیا

بھارت نے پاکستانی سرحد کے قریب اپنے گجرات علاقے میں فضائی مشقوں کا اعلان کر دیا ہے۔

 ان مشقوں میں فرنٹ لائن لڑاکا طیارے حصہ لیں گے اور محدود فضائی زون میں تربیتی کارروائیاں کی جائیں گی۔بھارتی ایئر فورس نے 20 جنوری سے 21 جنوری تک یہ مشقیں کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے، جس کے دوران متعلقہ فضائی حدود کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے بند کر دیا جائے گا اور صرف ایئر فورس کی مشقوں کے لیے مخصوص رکھا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق ان مشقوں میں شامل طیاروں میں رافیل، سخوئی 30 ایم کے آئی، جیگوار اور دیگر فرنٹ لائن لڑاکا طیارے شامل ہوں گے۔ مشقوں میں تیز رفتار پروازیں، ہوائی لڑائی کی تربیت اور ممکنہ طور پر لائیو فائرنگ یا بمباری کی مشق بھی شامل ہو سکتی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ محدود فضائی زون پاکستان کے ساتھ بھارت کی جنوبی سرحد کے حساس علاقے پر محیط ہے، جس میں بحیرہ عرب، سر کریک، راجکوٹ اور احمد آباد کے نزدیک کے علاقے شامل ہیں۔پاکستانی حکام کی جانب سے اس اعلان پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تناؤ کی صورتحال میں کسی بھی عسکری سرگرمی کو خطے کے امن کے لیے حساس تصور کیا جاتا ہے۔