میانوالی اور مضافات میں140کلومیٹر کی رفتار سے آندھی آئی‘بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم
ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے:این ڈی ایم اے
لاہور‘میانوالی(یواین پی‘آئی این پی) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی‘ میانوالی اور مضافات میں خوفناک آندھی و گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش ہوئی، آندھی کی رفتار 140 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جس سے بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا، جو صبح 4 بجے بحال ہوا، تیز طوفانی آندھی کے باعث بڑے بڑے تناور درخت، سائن بورڈز دکانوں کے آگے لگے ہوئے شیڈ وغیرہ سڑکوں پر گر گئے جس سے ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا بعض اطلاعات کے مطابق کئی علاقوں میں کچے مکانات کی دیواریں منہدم ہو گئیں اور چھتیں تیز آندھی کے باعث اڑ گئیں ‘ این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اورژالہ باری کا امکان ہے ۔پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز ہوائو ں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے ،چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، گوجر خان، جہلم، سیالکوٹ، میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔نارووال، لیہ، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہائو الدین، لاہور، فیصل آباد اور ساہیوال میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے ۔ ادھر گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے ۔ گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، گھانچے، شگر، کھرمنگ، مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، حویلی، پونچھ، راولاکوٹ، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بارش کا امکان ہے