صیہونی فوج نئے حملے کی تیاری کر رہی ہے، ممکنہ حملے میں ایرانی توانائی نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا جائے گا: ٹی وی چینل12 کی رپورٹ
مقبوضہ بیت المقدس(آن لائن) اسرائیلی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے ایران کے خلاف ممکنہ اقدام کے خلاف اسرائیل اورامریکی عسکری سربراہوں کے رابطوں میں تیزی آ گئی ہے۔اسرائیلی ٹی وی کے مطابق اسرائیلی چیف آف سٹاف ایال زمیر اورسینٹ کام سربراہ بریڈ کوپر کے درمیان حالیہ دنوں میں متعدد رابطے ہوئے، ایران کے خلاف ممکنہ اقدامات پربات چیت کی گئی۔ٹی وی چینل 12 نے دعویٰ کیا کہ صیہونی فوج نئے حملے کی تیاری کر رہی ہے، ممکنہ حملے میں ایرانی توانائی نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا جائے گا، ایرانی سڑکوں سمیت اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔اسرائیلی ٹی وی کے مطابق صورتحال کے پیش نظراسرائیل کی دفاعی تیاریوں میں بھی تیزی آ گئی، امریکہ بھی ایران کے اندر محدود حملے کے آپشن پر غور کر رہا ہے، ممکنہ حملے سے متعلق تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔