افغانستان سے ہمیشہ بھائی چارے کا مظاہرہ کیا،جارحیت کے جواب میں دفاع لازمی تھا
اسلام آباد (آن لائن)پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ جنگیں بے رحم ہوتی ہیںاور مسائل کا حل مذاکرات میں ہے‘پاکستان نے افغانستان کے ساتھ ہمیشہ بھائی چارے کا مظاہرہ کیا، لیکن سرحدی جارحیت کے جواب میں دفاع کرنا لازمی تھا۔ ایوان بالا سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمن نے ایران کے سپریم لیڈر کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ موثر خارجہ پالیسی کا پہلا بنیادی مقصد پاکستانی شہریوں کا تحفظ، ریاست کی خودمختاری کا استحکام اور ملک کے مفادات کو غیر جانبدارانہ طور پر آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر طرف سے ہونے والے حملوں کی مذمت کی جائے۔انہوں نے وزیر خارجہ کی سینیٹ کو دی گئی مفصل بریفنگ کی تعریف کی، جس سے ایوان کو درست معلومات ملیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کی تقریر کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے اسے قومی وقار اور اتحاد کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس نے اس سانحے کی مذمت کی۔ انہوں نے خلیجی ممالک کے ساتھ گہرے تعلقات برقرار رکھنے پر زور دیا اور دعا کی کہ ایرانی عوام، پاکستانی شہری اور گلف ممالک کے لوگ محفوظ رہیں