مولانا فضل الرحمان ایرانی سفارت خانے پہنچ گئے ، سفیر سے ملاقات ‘اظہار تعزیت کیا‘کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے
اسلام آباد(آئی این پی ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ایرانی سفارت خانے پہنچ گئے اور ایرانی سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی، مولانا فضل الرحمان نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ا ور تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ایران پر امریکی صہیونی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، صیہونت اور یورپ گٹھ جوڑ نے پہلے فلسطین پر قبضہ کیا، اب بھی وہاں شدید تنائو اور لمبی جنگ سے گزر رہے ہیں۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ حماس کی مضبوط حمایت پر ایران کے خلاف جنگ کی دوسری قسط شروع کی گئی، بیہودہ قسم کے الزامات لگا کر اِن حملوں کا جواز پیش کر رہے ہیں، ایران اس وقت صرف اپنا نہیں بلکہ فلسطین کا بھی دفاع کررہا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عالمِ اسلام کو باہمی اتحاد کی ضرورت ہے، مشکل وقت میں ایران کے شانہ بشانہ ہیں، امتِ مسلمہ باہم دست وگریباں ہونے کی بجائے صیہونیت کا مقابلہ کرے، امریکہ انسانیت کا دشمن ہے۔انہوںنے کہا کہ انسانی قاتل اور مجرم کی سربراہی میں قیام امن کی کوششیں امن کے نام پر دھبہ ہیں، ہمارے حکمرانوں کی ٹرمپ جیسے قاتل سے امن کی امید رکھنا سوالیہ نشان ہے