لیسکو ملازمین بجلی چوروں کا قیمتی سامان اتارنے لگے

شاہ پور، ٹھوکر نیاز بیگ، مصطفی آباد، رائیونڈ، کاہنہ میں کارروائیاں ،
لاہور (خصوصی رپورٹ ) پولیس کی موجودگی میں بجلی چور پکڑنے کے ساتھ ساتھ لیسکو عملہ نے اپنی ضرورتیں بھی پوری کرنا شروع کر دیں۔کہیں سے اے سی اتار لیا تو کہیں سے فریج،برقی کانٹے، ٹوکے اور دیگر قیمتی اشیا اتار کر لے گئے۔ سامان اتارنے کی فوٹیجز وائرل ہو گئیں۔تفصیل کے مطابق لیسکو کا عملہ بجلی چوری روکنے کے نام پر غنڈہ گردی کرنے لگا۔ پہلے عدالتی احکامات کے برعکس میٹرز اتارنے کا سلسلہ عرصے سے جاری ہے ،اب صارفین کا لاکھوں کا قیمتی سامان بھی اتارا جا نے لگا۔ ذرائع کے مطابق عملہ نے بجلی چوروں کے اے سی،فریج،برقی کانٹے، ٹوکے اور دیگر اشیا اتارنا شروع کر دیں۔ شاہ پور، ٹھوکر نیاز بیگ، مصطفی آباد، رائیونڈ، کاہنہ، فیروز والا ، شیخوپورہ، مریدکے، مانانوالا سمیت مختلف سب ڈویڑنز کے علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں ، دیہی اور سرحدی علاقوں میں پولیس کی موجودگی میں صارفین کی قیمتی اشیا اتار لی گئیں،وائرل فوٹیجز میں سامان اتار کر گاڑی میں رکھتے دیکھا جاسکتا ہے۔اتارے گئے سامان کی لیسکو عملہ اور پولیس میں بندر بانٹ بھی کی گئی۔