پیٹ کمنز کا عزم، آئندہ 12 ماہ تمام ٹیسٹ میچز کھیلنے کی امید

پیٹ کمنز کا عزم، آئندہ 12 ماہ تمام ٹیسٹ میچز کھیلنے کی امید

آسٹریلوی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ وہ آئندہ 12 ماہ کے انتہائی مصروف بین الاقوامی شیڈول کے دوران تمام ٹیسٹ میچز کھیلنے کی پوری کوشش کریں گے، تاہم فاسٹ بولنگ اٹیک کی مسلسل دستیابی کو غیر معمولی قرار دیا ہے۔

پیٹ کمنز کے مطابق آسٹریلیا کے تینوں اہم فاسٹ بولرز کا ہر میچ میں دستیاب رہنا عملی طور پر مشکل ہوگا، کیونکہ طویل اور سخت شیڈول میں کھلاڑیوں پر جسمانی دباؤ بہت زیادہ ہوگا۔کمنز حال ہی میں کمر کی انجری کے باعث طویل عرصے تک کرکٹ سے دور رہے، تاہم انہوں نے آئی پی ایل میں واپسی کرتے ہوئے چار ماہ بعد دوبارہ مسابقتی کرکٹ کھیلی۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے طبی معائنے کے نتائج حوصلہ افزا ہیں اور وہ اپنی فٹنس کو ٹیسٹ کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔آسٹریلیا کا بین الاقوامی شیڈول اگست میں بنگلادیش کے خلاف ہوم سیریز سے شروع ہو رہا ہے، جس کے بعد ٹیم کو آئندہ ایک سال میں تقریباً 21 ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔ اس دوران آسٹریلوی ٹیم بھارت اور انگلینڈ جیسے اہم دوروں کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقا کا بھی دورہ کرے گی۔

کمنز نے کہا کہ اتنے زیادہ میچز میں ایک ہی بولنگ اٹیک کو مسلسل برقرار رکھنا مشکل ہے، اس لیے کھلاڑیوں کی روٹیشن پالیسی اپنانا ناگزیر ہوگا تاکہ فاسٹ بولرز کو انجری سے بچایا جا سکے اور کارکردگی برقرار رکھی جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ ان کی اولین ترجیح ٹیسٹ کرکٹ ہے، جس کے باعث وہ محدود اوورز کی کرکٹ اور بگ بیش لیگ میں اپنی شرکت کو محدود کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔کمنز نے تجربہ کار فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انجری مسائل کے باوجود وہ مستقبل میں باقاعدگی سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔