غیر قانونی نیلی بتی لگانے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے:عبدالرحیم
لاہور(کرائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر غیر نمونہ، جعلی، اپلائیڈ فار اور بغیر نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف خصوصی مہم کے دوران دو روز میں 2279 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ دو روز کے دوران بغیر نمبر پلیٹ، غیر نمونہ اور اپلائیڈ فار نمبر پلیٹس رکھنے والی 1137 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔ فینسی اور ایکسائز کے مقررہ نمونے کے برعکس نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر 455 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ اگلی یا پچھلی نمبر پلیٹ ٹوٹی ہونے اور گاڑی کا ماڈل یا نمبر چھپانے پر 687 وہیکلز کے چالان کیے گئے۔ جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے شہر کے مختلف تھانوں میں 5 مقدمات بھی درج کیے گئے۔ مہم کے دوران معمولی خلاف ورزیوں پر 7 ہزار سے زائد گاڑی اور موٹرسائیکل مالکان کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی اور تعلیم بھی دی گئی۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ بغیر نمبر پلیٹ کار چلانے پر 3 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل پر ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بوگس، غیر قانونی گرین نمبر پلیٹس اور غیر قانونی نیلی بتی لگانے والوں کے خلاف دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گاڑی ٹرانسفر کروانے کی صورت میں پرانے نمبر کی بجائے نیا یونیورسل نمبر استعمال کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض شہری ای چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹس میں ردوبدل کرتے ہیں جبکہ قانون شکن عناصر گاڑی کی شناخت چھپانے کے لیے جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرتے ہیں۔سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ جن گاڑیوں پر ایکسائز کے مقررہ نمونے کے مطابق نمبر پلیٹس نصب ہیں، انہیں چالان نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون کے مطابق نمبر پلیٹس استعمال کریں تاکہ جرائم کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔