لاہور(کرائم رپورٹر)مزنگ کے علاقے میں چند روز قبل ٹریفک وارڈن کو کچلنے کی کوشش کرنے میں ملوث گاڑی پکڑ لی گئی ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک وارڈن کو کچلنے کی کوشش اور ہٹ اینڈ رن کے مقدمے میں مطلوب گاڑی کو سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ٹریس کرکے گلبرگ کے علاقے سے برآمد کیا گیا۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ چند روز قبل ٹریفک وارڈن کو ڈیوٹی کے دوران گاڑی سے ٹکر مار کر زخمی کرنے اور فرار ہونے کے واقعہ کا مقدمہ تھانہ مزنگ میں درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں اقدام قتل، کارِ سرکار میں مداخلت اور غفلت و لاپرواہی سے ڈرائیونگ کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔گاڑی ایک نجی بینک کے نام پر رجسٹرڈ ہے جبکہ واقعہ کے بعد ڈرائیور احسن جمشید نے قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کر رکھی ہے اس حوالیسے چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں، ٹریفک وارڈن کو کچلنے کی کوشش کرنے والے ملزم کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی پر مامور سرکاری اہلکاروں پر حملے اور کارِ سرکار میں مداخلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔