بجلی چوروں کے خلاف شکنجہ تیار

 بجلی چوری کے 28126 مقدمات  ، خزانے کو نقصان پہنچانے والے 1977 ملزمان کو سزائیں،جرمانے 
لاہور(کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ پولیس ٹیمیں بجلی چوری میں ملوث ملزمان کے خلاف ترجیحی کاروائیاں عمل میں لا رہی ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں بجلی چوروں کے خلاف 45928 مقدمات درج کر کے 30 ہزار 851 ملزمان کو گرفتار کیا گیاجبکہ بجلی چوری کے 28126 مقدمات کے چالان مکمل کرکے جمع کروائے گئے، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے 1977 ملزمان کو سزائیں اور جرمانے کروائے گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والی کاروائیوں بارے ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ  بجلی چوری کے 11523 مقدمات درج ہوئے اور 14046بجلی چور گرفتار کیے گئے۔بجلی چوروں کے خلاف مہم کے آغاز سے اب تک 2 لاکھ 13 ہزار 465 مقدمات درج کرکے 1 لاکھ 91 ہزار سے زائد ملزمان گرفتار کیے جاچکے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بجلی چوری کے مقدمات میں بلا تفریق کاروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کے خلاف ترجیحی کارروائیاں کی جائیں۔