حافظ آباد کے نواحی علاقے کسوکی میں دو معصوم بچوں کے بہیمانہ قتل میں ملوث ملزم نے پولیس حراست سے فرار ہو کر نہر میں چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کو آلہ قتل کی برآمدگی کے لیے موقع پر لے جایا جا رہا تھا۔ جب گاڑی کڑیالہ کے قریب پہنچی تو ملزم نے ہتھکڑی سے ہاتھ نکالنے میں کامیابی حاصل کی اور نہر میں کود گیا۔ پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے تلاش کے لیے کارروائی شروع کی، بعدازاں اس کی لاش برآمد کرلی گئی۔ملزم نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا تھا کہ اس نے دونوں بچوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا اور لاشیں اپنے گھر میں موجود ایک صندوق میں چھپا دی تھیں۔
یہ واقعہ چھ روز قبل اس وقت سامنے آیا جب پولیس کو گھر سے بچوں کی تشدد زدہ لاشیں ملیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد فرائض میں غفلت برتنے پر تین پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے، جب کہ ان کے خلاف محکمانہ انکوائری بھی شروع کر دی گئی ہے۔علاقے میں اس المناک واقعے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پولیس کی کارکردگی بہتر بنائی جائے۔