باجوڑ و بنوں کے 2 تھانوں پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے،4اہلکار زخمی

 تھانہ لوئی ماموند پر لانچرز کے ذریعے گرنیڈ پھینکے گئے، ایس ایم جی، آر پی جی اور دستی بموں کا بھی استعمال، ایس ایچ او فضل خان، کانسٹیبل طورسم، کانسٹیبل شاکر اور حسن خان زخمی ہوگئے
 پولیس سٹیشن میریان پر فتنہ الخوارج کا حملہ پولیس جوانوں نے پسپا کر دیا،آئی جی خیبرپختونخواکا پولیس کی دونوں ٹیموں کے لیے نقد انعام و اسناد کا اعلان ،وفاقی وزیرداخلہ کا خراج تحسین   
پشاور؍اسلام آباد (آئی این پی )خیبرپختونحوا کے اضلاع باجوڑ اور بنوں میں پولیس نے جواں مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے پسپا کر دئیے، دستی بم حملے میں ایس ایچ او سمیت چار اہلکار زخمی ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق گذشتہ رات دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے  باجوڑ کے تھانہ لوئی ماموند پر حملہ کیا، دہشت گردوں نے لانچرز کے ذریعے پولیس سٹیشن پر گرنیڈ پھینکے، ساتھ ہی ایس ایم جی، آر پی جی اور دستی بموں کا استعمال بھی کیا۔پولیس کے جوانوں نے دلیری سے مقابلہ کیا، دستی بم حملے میں ایس ایچ او فضل خان، کانسٹیبل طورسم، کانسٹیبل شاکر اور حسن خان معمولی زخمی ہوئے، تاہم مقابلہ جاری رکھا اور دہشت گردوں کو بھی نقصان پہنچایا۔پولیس کی جوابی کارروائی میں کئی دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب رات گئے ضلع بنوں میں بھی پولیس سٹیشن میریان پر بھی فتنہ الخوارج نے دہشت گرد حملہ کیا اور تھانے میں موجود پولیس جوانوں نے 50منٹ سے زیادہ بہادری سے ان کا مقابلہ کیا اور حملے کو کامیابی سے پسپا کر دیا گیا۔حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے تھانوں میں تعینات پولیس افسران اور جوانوں کی بہادری اور ثابت قدمی کو سراہا۔انہوں نے پولیس کی دونوں ٹیموں کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ فتن الخوارج کا آخری مرحلے تک پیچھا کیا جائے گا۔دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں کے تھانہ میریان پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے پر خیبرپختونخوا پولیس کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے پر پولیس کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر اور پروفیشنل سپوتوں پر فخر ہے۔