امریکا ایران تنازع میں جیت ایران کی ہوگی: روسی مؤقف

امریکا ایران تنازع میں جیت ایران کی ہوگی: روسی مؤقف

روس کی سلامتی کونسل کے سیکریٹری سرگئی شوئیگو نے کہا ہے کہ امریکا کے خلاف جدوجہد میں ایرانی قوم ہی فاتح ثابت ہوگی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بیان انہوں نے تہران میں ایرانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں کے دوران دیا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔سرگئی شوئیگو نے کہا کہ روس ایران کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی استحکام کی حمایت جاری رکھے گا۔ ان کے مطابق حالیہ کشیدہ صورتحال کے باوجود ایران نے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے اور بیرونی دباؤ کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ملاقات کے دوران ایرانی حکام نے بھی روسی مؤقف کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق بات چیت میں دوطرفہ اقتصادی تعاون، توانائی کے شعبے، دفاعی روابط اور خطے میں جاری تنازعات سمیت مختلف امور پر بھی غور کیا گیا۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان تعلقات شدید کشیدگی کا شکار ہیں، جبکہ روس اور ایران گزشتہ چند برسوں سے سیاسی، اقتصادی اور عسکری تعاون کو مسلسل وسعت دے رہے ہیں۔