فرانس میں گرمی کی شدت، پنکھے اور پورٹیبل اے سی کے لیے خریدار آمنے سامنے

فرانس میں گرمی کی شدت، پنکھے اور پورٹیبل اے سی کے لیے خریدار آمنے سامنے

فرانس میں شدید ہیٹ ویو کے باعث پنکھوں اور پورٹیبل ایئر کنڈیشنرز کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں متعدد سپر مارکیٹس میں خریداروں کے درمیان جھگڑوں کے واقعات پیش آئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شدید گرمی کی لہر کے دوران فرانس بھر میں شہری ٹھنڈک فراہم کرنے والے آلات کی خریداری کے لیے بڑی تعداد میں سپر مارکیٹس کا رخ کر رہے ہیں۔ بڑھتی ہوئی طلب کے باعث کئی مقامات پر افراتفری کی صورتحال پیدا ہوگئی۔رپورٹس کے مطابق ایک معروف سپر اسٹور چین نے جمعرات کو ملک بھر میں دو لاکھ پنکھے اور پورٹیبل ایئر کنڈیشنرز فروخت کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد اسٹورز کے باہر صبح سویرے ہی خریداروں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔پیرس کے مغربی علاقے نانتیئر میں واقع ایک اسٹور کے دروازے کھلتے ہی 100 سے زائد افراد بیک وقت اندر داخل ہو گئے۔ سامان حاصل کرنے کی کوشش میں متعدد خریدار آپس میں الجھ پڑے، جس پر صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کو مداخلت کرنا پڑی۔

رپورٹس کے مطابق اس اسٹور سے صرف تقریباً 10 افراد ہی پنکھا یا پورٹیبل ایئر کنڈیشنر خریدنے میں کامیاب ہو سکے، جبکہ ایک اور اسٹور میں چند ہی منٹوں میں تمام شیلف خالی ہو گئے اور آخری چند ڈبوں پر بھی خریداروں کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑے دیکھنے میں آئے۔واضح رہے کہ یورپ کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر چکا ہے۔ اسپین میں صرف جون کے مہینے کے دوران گرمی سے متعلق 1,029 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، جو 2015 کے بعد جون میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔