2غیر ملکی خواتین کا اغوا،4ملزموں کا جسمانی ریمانڈ

 میڈیکل رپورٹ موصول ،مزید تفتیش مکمل کی جائے گی: ترجمان پولیس 
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈیفنس سی کے علاقے میں دو غیر ملکی خواتین کے اغواء برائے تاوان اور مبینہ اجتماعی زیادتی کے مقدمے میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ترجمان پولیس کے مطابق واقعے کے بعد متاثرہ خواتین کے والد نے ایمرجنسی 15 پر کال کی، جس پر آپریشنز پولیس نے فوری ریسپانس دیتے ہوئے اسی روز دونوں خواتین کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کے بیان کی روشنی میں مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم سمیت چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ دونوں خواتین کا میڈیکل بھی کرا لیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق میڈیکل رپورٹ موصول ہو چکی ہے، جس کی روشنی میں مزید تفتیش مکمل کی جائے گی۔پولیس نے گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے، جبکہ جدید تفتیشی تقاضوں کے مطابق مزید شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور متاثرہ خواتین کو مکمل قانونی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی شہریوں کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری اور اولین ترجیح ہے۔