خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی سرحد پر دانہ سر کے مقام پرحادثہ پیش آیا‘، شیرانی اور ڈیرہ اسماعیل خان کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ‘وزیراعلی سرفرازبگٹی کااظہار افسوس
ڈرائیور نے مسافروں کو آگاہ کئے بغیر بس میں ڈیزل لوڈ کیا ، جس پر مسافروں اور ڈرائیور کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، کچھ دیر بعد حادثہ شکار ہو گیا: زخمی مسافر
ژوب( آن لائن ) خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی سرحد پر واقع دانہ سر کے مقام پر پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد حکومت بلوچستان نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی اور متاثرہ خاندانوں کی معاونت کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کا شکار بس میں اپنے مسافروں کے علاوہ ایک خراب ہونے والی دوسری مسافر بس کے مسافر بھی سوار تھے، جس کے باعث گاڑی میں معمول سے زیادہ افراد موجود تھے۔دریں اثنا، حادثے میں زخمی ہونے والے ایک مسافر نے دعویٰ کیا ہے بس کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی اور روانگی سے قبل ڈرائیور نے مسافروں کو آگاہ کیے بغیر بس میں ڈیزل لوڈ کیا تھا۔ زخمی مسافر کے مطابق بلوچستان کی آخری ایف سی چیک پوسٹ پر ڈیزل اتار دیا گیا، جس پر مسافروں اور ڈرائیور کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی، جبکہ کچھ دیر بعد بس حادثے کا شکار ہو گئی۔