خلافِ ضابطہ سرنجوں کے استعمال میں ملوث یا اس کی روک تھام میں مجرمانہ غفلت کے مرتکب افراد اور ہسپتالوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے
اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی ہے متعدی امراض کے فوری سدبابکیلئے ملک بھر میں غیر معیاری سرنجوں کی تیاری اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جائے، جبکہ خلافِ ضابطہ سرنجوں کے استعمال میں ملوث یا اس کی روک تھام میں مجرمانہ غفلت کے مرتکب افراد اور اسپتالوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایڈز اور ہیپاٹائٹس سی جیسے متعدی امراض کی روک تھام سے متعلق اعلی سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں بیماریوں کے پھیلا ئو کو روکنے کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے متعدی امراض پر قابو پانے کیلئے ماہرین پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دینے، صوبوں سے مشاورت یقینی بنانے اور وزارتِ قانون کو متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر قانونی اور ضابطہ جاتی نظام میں ضروری ترامیم تجویز کرنے کی بھی ہدایت کی۔