خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں مسافر گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ لوئر کرم کے علاقے احمد خان کلے میں پیش آیا، جہاں پاڑہ چمکنی سے صدہ جانے والی گاڑی پر حملہ کیا گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں قریبی ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے نامعلوم افراد موقع سے فرار ہوگئے ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔ ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ عباس مجید مروت کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، جس کے دوران 12 افراد کو حراست میں لیا گیا اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی بھاری نفری علاقے میں گھر گھر تلاشی لے رہی ہے اور دہشت گردوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔ علاقائی امن کو خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔