گلگت بلتستان سیر کیلئے دنیاکی بہترین جگہوں میں شامل

 سی این این نے دیکھنے کے قابل 25 عالمی مقامات کی فہرست جاری کردی
کراچی (نیٹ نیوز) امریکی نیوز چینل سی این این نے 25 مقامات کی فہرست تیار کی ہے جو 2025 میں خاص طور پر دیکھنے کے قابل ہیں اور ان میں پاکستان کے خوبصورت سیاحتی مقام گلگت بلتستان کا نام بھی شامل ہے۔یہ علاقہ دنیا کی چند بلند ترین چوٹیوں کا گھر ہے اور ایک اہم سیاحتی مقام ہے۔ہر سال ہزاروں سیاح اور غیر ملکی کوہ پیما مختلف چوٹیوں، پیرا گلائیڈنگ اور دیگر کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے اس خطے کا دورہ کرتے ہیں۔سی این این ٹریول نے کہا کہ قراقرم کے پہاڑوں میں بسے گلگت بلتستان جانا آسان نہیں ہے کیونکہ پروازوں کا شیڈول ناقابل بھروسہ ہو سکتا ہے۔یہ 14 میں سے 5 ، آٹھ ہزار میٹر بلند چوٹیوں کا گھر ہے جنہیں دنیا کی بلند ترین چوٹیوں کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ اس میں کے ٹو بھی شامل ہے۔ سی این این ٹریول کے مطابق گلگت بلتستان تک عالمی ٹور آپریٹرز، بشمول جی ایڈونچرز اور وائلڈ فرنٹیئرز کے ذریعے رسائی ممکن ہے۔ٹریول لسٹ کے دیگر سرفہرست مقامات میں قازقستان کا الماتی، انڈیا کے انڈمان اور نکوبار جزائر، بولیویا، جرمنی کا کیمنیٹز، مراکش کا رباط، کینیڈا کا وینکوور جزیرہ اور ترکیہ کا کاکر پہاڑ شامل ہیں۔