خیبر پختونخوا کے مشیرِ اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ بگن میں ہونے والی فائرنگ کے واقعے کے بعد پہلا قافلہ عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ میں زخمی ہونے والے ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللّٰہ محسود کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ شرپسندوں کی جانب سے کی گئی تھی، لیکن زخمی ڈپٹی کمشنر کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔بیرسٹر محمد علی سیف نے مزید کہا کہ چھپری کے مقام پر پولیس اور حکومتی اعلیٰ حکام موجود ہیں اور حالات قابو میں ہیں۔ اس کے علاوہ، کمشنر اور ڈی آئی جی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی علاقے میں موجود ہیں اور سیکیورٹی ادارے الرٹ ہیں۔ مشیرِ اطلاعات نے کہا کہ حملہ کرنے والے امن معاہدے کے دشمن ہیں اور یہ واقعہ علاقے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش تھی، جس کی صوبائی حکومت ہر صورت میں مذمت کرتی ہے اور امن بحال کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔