اسلام آباد: پاکستان نے عالمی مارکیٹ میں مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز کامیابی سے جاری کر دیے ہیں۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق پاکستان نے 1.75 ارب ڈالر مالیت کے ساڑھے پانچ سالہ یورو بانڈز جاری کیے ہیں، جن پر 7.50 فیصد شرح سود مقرر کی گئی ہے، جبکہ 1.25 ارب ڈالر کے 10 سالہ یورو بانڈز پر 7.90 فیصد شرح سود ادا کرنا ہوگی۔وزارتِ خزانہ کے مطابق یورو بانڈز کے لیے عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے تقریباً 6 ارب ڈالر کی پیشکشیں موصول ہوئیں، جس سے پاکستانی بانڈز میں عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی اور اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں انٹرنیشنل بانڈز کے ذریعے یہ سب سے بڑی فنڈنگ ہے، جبکہ عالمی منڈیوں میں پاکستانی بانڈز کی طلب دگنی ہوگئی ہے۔وزارتِ خزانہ کے مطابق ڈوئل ٹرانچ کے تحت جاری کیے گئے نئے یورو بانڈز کا مقصد پرانے اور مہنگے قرضوں کو طویل مدتی اور نسبتاً کم لاگت کے قرضوں سے تبدیل کرنا ہے۔اس تاریخی لین دین کو سٹی بینک، ڈوئچے بینک اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں نے کامیابی سے مکمل کرایا۔