بھٹو ازم کے منشور کو پنجاب کی ہر بار میں لے کر جائیں گے:سردارسلیم حیدر

سیاسی جماعتوں کے درمیان معاملات کا حل مذاکرات سے ہی ممکن، راستہ بند نہیں ہونا چاہیے: گورنر پنجاب
 لاہور (سپیشل رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان معاملات کا حل صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہے، راستہ بند نہیں ہونا چاہیے۔جمعہ کو پی ایل ایف کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن پسرور سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم سے جمہوریت کیخلاف سازشی عناصر کا راستہ بند کردیا ہے، آئینی بنچ کے قیام میں چیئرمین بلاول بھٹو کا تاریخی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بلاول بھٹو کو وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے، سیاسی جماعتوں کے درمیان معاملات کا حل صرف اور صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہے، کرم ایجنسی کے حالات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو مسئلہ پر فوری توجہ دینا ہوگی، بھٹو ازم کے منشور کو پنجاب کی ہر وکلا بار میں لے کر جائیں گے۔