موقع ضائع نہیں ہونے دینگے، پاکستان کوایشین ٹائیگر بنائیں گے احسن اقبال

 ماضی میں  اڑان پاکستان کے مواقع ضائع ہوتے رہے‘ پاکستان کو  2035 تک ایک ہزار  ارب ڈالر کی معیشت بنانا ہے
2018 سے 2022 تک قرضوں کی دلدل میں پھنس گئے تھے، اب متحد ہوکر معاشی ٹیک آف کرنا ہے:پریس کانفرنس

 اسلام آباد(بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال  نے کہا ہے  پاکستان کو  2035 تک ایک ہزار  ارب ڈالر کی معیشت بنانا ہے۔اسلام آباد میں  پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 5 سالہ منصوبے اڑان پاکستان کا آغاز ہوگیا ہے، ماضی میں پاکستان میں اڑان پاکستان کے مواقع ضائع ہوتے رہے، اب ہم اڑان کا موقع ضائع ہونے نہیں دیں گے اور پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے۔ انھوں نے کہا 2018 سے 2022 تک ہم معاشی اور قرضوں کی دلدل میں پھنس گئے تھے، اب متحد ہوکر معاشی ٹیک آف کرنا ہے، ہم 2029 تک ایک مضبوط معیشت کی بنیاد رکھیں گے، 2029 تک سالانہ برآمدات 60 ارب ڈالر تک لے جانی ہیں جس کے بعد اگلے 8 سے 10 سال میں سالانہ برآمدات کو 100 ارب ڈالر تک لے جائیں گے۔ انھوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے قوم کو ڈپریشن میں ڈال دیا ہے، اس  سیاسی جماعت نے قوم کا سیلف امیج تباہ کیا لیکن اب ہمیں منفیت سے نکلنا ہوگا اور ملک کی ترقی کے لیے مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔