ملک کو اس وقت میثاق کی تو ضرورت ہے‘معاشی بدحالی ہے اس کیلئے تمام جماعتوں کو بیٹھنا چاہیے
پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات بھائی چارے کی بنیاد پر قائم ہیں:میڈیا اور سفارتخانہ کے دورہ پر گفتگو
اسلام آباد (آئی این پی‘پبلک نیوز )سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے اس وقت مذاکراتی کمیٹی کا ماحول بہتر ہے، وقت آنے پر آصف علی زرداری، نواز شریف اور عمران خان اکٹھا بیٹھ سکتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے باضابطہ طور پر اپنے مطالبات سامنے نہیں رکھے، جنہوں نے کارکنان کی رہائی اور جوڈیشل کمیشن کے مطالبات اٹھائے ہیں، پی ٹی آئی کے دوستوں نے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کیلئے وقت مانگا ہے۔ایک اور میثاق جمہوریت ہونے سے متعلق سوال پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک کو اس وقت میثاق کی تو ضرورت ہے۔ راجہ پرویز اشرف کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں جو غیریقینی کی صورتحال ہے، معاشی بدحالی ہے اس کیلئے تمام جماعتوں کو بیٹھنا چاہیے، اس وقت جو مذاکراتی کمیٹی کا ماحول ہے وہ بہتر ہے، وقت آنے پر آصف علی زرداری، نواز شریف اور عمران خان بھی بیٹھ سکتے ہیں۔دریں اثناء راجہ پرویز اشرف نے جمعہ کے روز آذربائیجان کے سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ان کا خیر مقدم کیا۔ راجہ پرویز اشرف نے آذربائیجان کے مسافر طیارے کو پیش آنے والے المناک حادثے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔راجہ پرویز اشرف نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور قیادت آذربائیجان کے عوام کے اس دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات محبت، اخوت اور بھائی چارے کی بنیاد پر قائم ہیں، اور دونوں ممالک کے عوام کے دکھ سکھ سانجھے ہیں۔سابق وزیرِاعظم نے اللہ تعالیٰ سے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔