دہشتگردی ختم کرنے کیلئے نیت ٹھیک کرنی چاہیے، سب کو ایک ہونا ہو گا سہیل آفریدی

وفاق خیبر پختونخوا سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہا ہے، 4400 ارب  سے زائد واجب الادا ہیں، وفاق حق دیتا تو ہم صوبے کیلئے کیا کچھ نہیں کر  سکتے تھے
 محدود وسائل میں بھی صوبے کیلئے کام کر رہے ہیں، نوجوانوں کو بلاسود قرضے 3 ارب سے بڑھا کر 5 ارب روپے کردیئے ہیں:وزیراعلی کا تقریب سے خطاب
پشاور(آئی این پی ) وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے  دہشتگردی کے خاتمے کیلئے  نیت ٹھیک کرنا چاہیے،   سب کو ایک ہونا ہو گا ، وفاق ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہا ہے،4400 ارب روپے سے زائد واجب الادا ہیں،  پاکستان کے حالات دن بدن خراب ہوتے جا رہے ہیں، معاشی اور امن و امان کی صورتحال سمیت ہر سمت حالات خراب ہیں، نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور انہوں نے ہی حالات کو سنبھالنا ہے، ہمارے نوجوانوں کو خواب بڑے کرنے چاہئیں۔ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھاکہ ہم نے سب پر ایک جیسا قانون لاگو کرنا ہے، جوخود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے اس کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔ان کا کہنا تھا پنجاب میں سول مارشل لا ہے، وہاں پی ٹی آئی جھنڈا نہیں لہرا سکتی، ہم کارنر میٹنگ نہیں کر سکتے، پنجاب کے ایم پی اے اور ایم این اے نے بتایا کہ ان کی گاڑیوں کے نمبرز ٹیمپر ہو رہے ہیں، ان کے گارڈز کی بندوقیں لیکر ان کے نمبرز ٹیمپر کیے جاتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے بزرگ رہنمائوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، ان ظالم لوگوں کو آپ نوجوانوں نے ری پلیس کرنا ہے، نوجوان مجھ پر تنقید کریں، آپ کو یہاں کوئی نہیں اٹھائے گا۔