حکومت سے کوتاہیاں ہوئی ہوں گی مگر نیت بالکل ٹھیک ہے، شرجیل میمن

کوشش کر رہے ہیں یونیورسٹی روڈ کو کلیئر کریں، اس پروجیکٹ کی مالیت بڑھ گئی ہے اسے بند کریں
 عمران خان کی لمبی عمر کے لئے دعاگو ہوں، رہائی ان کے اپنے ہاتھ میں ہے،  سینئر صوبائی وزیر 
کراچی(آئی این پی) سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ حکومت سے کمی کوتاہیاں ہوئی ہوں گی مگر نیت بالکل ٹھیک ہے۔شرجیل میمن نے یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن منصوبے کا دورہ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ہر بات میں سیاست کرنا اور مایوسی پھیلانا چاہتے ہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ یونیورسٹی روڈ کو کلیئر کریں، اس پروجیکٹ کی مالیت بڑھ گئی ہے اسے بند کریں، تمام چیلنجز کے باوجود اس پروجیکٹ پر کام جاری رکھا گیا، اس پروجیکٹ کا جو کام رکا تھا وہ انتظامی معاملات کی وجہ سے تھا۔سینئر وزیر نے کہا کہ عید سے پہلے یونیورسٹی روڈ کی سائیڈ کی سڑکوں پر کام مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، مقصد عوام کو سہولت دینا ہے، اس وقت کراچی میں بڑی تعداد میں میگا پروجیکٹ چل رہے ہیں، حکومت سندھ کی انتظامیہ اور میئر کراچی بھی دن رات کام کر رہے ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی پراجیکٹ کو ختم کرنے کی باتیں کی جا رہی تھیں، یہ پراجیکٹ اگلی نسلوں کے کام آئے گا، ہمیں لوگوں کو ایسے پراجیکٹس دینے ہیں جس سے انہیں سہولت ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ کسٹمز نے پنجاب حکومت کو ایک فیصد اور ہمیں 17 سے 18 فیصد چارج کیا، ابھی بھی ہماری بسیں کسٹمز میں پھنسی ہوئی ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ دونوں صوبوں کے ساتھ ایک جیسا رویہ ہونا چاہیے۔سینئر وزیر کا بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق کہنا تھا کہ ان کی لمبی عمر کے لئے دعاگو ہوں، جہاں تک رہائی کی بات ہے تو رہائی ان کے اپنے ہاتھ میں ہے، سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے حواری اداروں کو نشانہ بناتے ہیں، اگر یہ لوگ اپنے الفاظ کا چنا ئوبہتر کریں تو معاملات میں بہتری آئے گی۔