آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کی 267ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں علاقائی سلامتی، بھارت کی اشتعال انگیزیوں اور افغانستان میں دہشت گردی کے بارے میں اہم تبادلہ خیال کیا گیا۔
کانفرنس میں بھارتی فوجی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات کی مذمت کی گئی اور پاکستان کی طرف سے کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کا عزم دہرایا گیا۔آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی فوجی قیادت کے بیانات ان کی بڑھتی ہوئی مایوسی کی عکاسی کرتے ہیں اور ان کا مقصد عالمی توجہ بھارت کی اندرونی مشکلات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے ہٹانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔شرکاء نے افغانستان میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردانہ سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ عبوری افغان حکومت فتنہ الخوارج کے خلاف ٹھوس اقدامات کرے۔
کانفرنس میں بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ وہاں کے عوام کو احساسِ محرومی کا شکار ہونے سے بچایا جا سکے۔ آرمی چیف نے بلوچستان میں امن کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی پشت پناہی کرنے والی پراکسیز کے گمراہ کن عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی عسکری قیادت ملک کے تمام چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہے اور اپنے آئینی فرائض کو پوری قوم کی حمایت کے ساتھ نبھانے کے لیے پرعزم ہے۔