آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل 8 ویں گواہ پر جرح کریں گے
راولپنڈٰی ، اسلام آباد ( خصوصی رپورٹ )بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت پیر 10فروری تک ملتوی کر دی گئی۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین فیصل مفتی نے استغاثہ کے2 گواہوں پر جرح مکمل کر لی۔استغاثہ کے گواہ محمد فہیم اور عمر صدیق کے بیان پر وکیل صفائی نے جرح کی۔مقدمہ میں مجموعی طور پر 8 گواہان کی شہادت ریکارڈ،7 پر جرح مکمل ہو گئی۔ آئندہ سماعت پر بانی ہی ٹی آئی کے وکیل 8 ویں گواہ پر جرح کریں گے۔پیر کی سماعت میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔۔سینئر سول جج اسلام آباد محمد عباس شاہ کے رخصت پر ہونے کے باعث بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف حقیقی آزادی مارچ پر درج مقدمہ کی سماعت بغیر کاروائی ملتوی کردی گئی۔گذشتہ روز تھانہ کوہسار میں درج مقدمہ کی سماعت کے دوران کوئی بھی نامزدملزم عدالت پیش نہ ہوا ،بغیر کاروائی کیس کی سماعت11 مارچ تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپراکی عدالت میں زیر سماعت پی ٹی آئی قیادت کے خلاف احتجاج اور جلائو گھیرا ئو کی دفعات کے تحت درج مقدمہ کی سماعت وکلاء ہڑتال کے باعث10 فروری تک ملتوی کردی گئی۔